’اچھا کھلاڑی تھا بیچارہ‘، اعظم خان کا اپنی موت کی جعلی خبر پر دلچسپ ردِعمل

—اسکرین گریب

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر کو مزاحیہ انداز میں مسترد کر دیا۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو میں اعظم خان اپنے موبائل فون پر ایک خبر دیکھتے نظر آئے جس میں ان کی موت کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے۔

خبر سننے کے بعد انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’اچھا کھلاڑی تھا بیچارہ، کل پاکستان سے کھیلنے والا تھا، مر گیا۔‘ اعظم خان کے اس جواب پر اردگرد موجود افراد ہنس پڑے۔

اعظم خان کے خاندان کو اس سے قبل بھی موت کی جعلی خبروں کا سامنا رہا ہے۔

 دسمبر 2025ء میں اعظم خان کے والد اور سابق پاکستانی کپتان معین خان کی موت کی افواہ پھیلی تھی، جس کے بعد معین خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی خیریت کی تصدیق کی تھی۔

واضح رہے کہ اعظم خان نے ستمبر 2018ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا، جبکہ مارچ 2019ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پاکستان سپر لیگ میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔

انہوں نے 16 جولائی 2021ء کو انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ 

اعظم خان نے پاکستان کے لیے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 88 رنز بنائے، جبکہ ان کی اوسط 9.78 رہی اور بہترین اسکور 30 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

اعظم خان کا آخری انٹرنیشنل میچ 6 جون 2024ء کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف تھا۔