ٹرمپ کا وفاقی حکومت کو ’اے آئی‘ کی جگہ ’ایس آئی‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کا حکم

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی حکومت کو ’مصنوعی ذہانت‘ کی جگہ ’سپر انٹیلی جنس‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت وفاقی حکومت کو سرکاری ایگزیکٹو برانچ مواصلات میں عام طور پر ’اے آئی‘ کی جگہ ’ایس آئی‘ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم نامے کے تحت وفاقی محکموں اور اداروں کو سرکاری خط و کتابت، عوامی ابلاغ، پالیسی دستاویزات اور دیگر غیر قانونی و ضابطہ جاتی مواد میں سپر انٹیلی جنس اور ایس آئی کی اصطلاحات استعمال کرنا ہوں گی۔

اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ مواد میں مصنوعی ذہانت اور اے آئی کی اصطلاحات کا استعمال ترک کر دیں۔

حکم نامے میں صدر کے معاون برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو سپر انٹیلی جنس اور ایس آئی کی مجوزہ وفاقی تعریف مرتب کرنے کی ذمے داری بھی سونپی گئی ہے، جو مسلسل ترقی کرتے ہوئے تکنیکی محاذ کی عکاسی کرے گی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اصطلاح میں تبدیلی کا مقصد ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے پیدا ہونے والے بے پناہ مواقع کو تسلیم کرنا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکا سپر انٹیلی جنس کے شعبے میں دنیا میں قائدانہ حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ایسی اصطلاح استعمال کی جانی چاہیے جو زیرِ ترقی ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں اور امکانات کی عکاسی کرے۔