قزاقوں کے ہاتھوں جاں بحق پاکستانیوں میں کراچی کے کاشف عمر بھی شامل

فائل فوٹو

صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں جاں بحق پاکستانیوں میں کراچی کے بفر زون سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ آفیسر کاشف عمر بھی شامل ہیں۔

کاشف عمر کے انتقال کی خبر نے اہلخانہ کو غمزدہ کردیا ہے جبکہ ان کے گھر پر بڑی تعداد میں لواحقین جمع ہوئے ہیں۔

کاشف عمر 25 سال سے مرچنٹ نیوی سے وابستہ تھے۔ کاشف عمر نے آخری گفتگو میں جہاز پر کھانے پینے کی اشیا ختم ہونے سے آگاہ کیا تھا۔

کاشف عمر کے رشتے دار نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ابھی تک کسی حکومتی شخصیت کی جانب سے رابطہ نہیں کیا گیا، میت کو لانے میں فیملی کی مدد کی جائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صومالیہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔

مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد وطن لانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ صومالیہ میں بحری جہاز سے قزاقوں کا قبضہ چھڑانے کے لیے صومالی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

صومالی میڈیا کے مطابق قزاقوں نے یرغمال بنائے ہوئے آئل ٹینکر ’آنر ٹوئنٹی فائیو‘ پر موجود عملے کے پانچ ارکان کو قتل کردیا، جاں بحق افراد میں 3 پاکستانی شامل ہیں۔