اسرائیلی آبادکاروں کا فلسطینی گاؤں پر دھاوا، گھروں کو آگ لگا دی

—فوٹو بشکریہ عرب میڈیا 

مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں واقع گاؤں جالود میں 100 سے زائد اسرائیلی آبادکاروں نے رات گئے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے سڑکیں بند کر دیں، فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی اور اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران آبادکاروں نے بے گھر فلسطینی خاندان کی اپنے گھر واپسی روکنے کی کوشش کی، التوباسی نامی خاندان کو جولائی میں آبادکاروں کی مسلسل ہراسانی اور تشدد کے باعث اپنا گھر چھوڑنا پڑا تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق خاندان کی واپسی کے لیے انتظام کیا گیا تھا تاہم آبادکاروں نے پرتشدد مداخلت کی اور خاندان کی واپسی کی کارروائی روک دی۔

اسرائیلی فوج کے مطابق واقعے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں شواہد جمع کر کے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے آبادکاروں کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین واقعہ، قانون کی حکمرانی پر حملہ اور اخلاقی داغ قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر نے کہا ہے کہ آتش زنی، پتھراؤ اور اسرائیلی فوجیوں و سرحدی پولیس اہلکاروں پر حملے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے التوباسی خاندان کے 2 گھروں کو  آگ بھی لگا دی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو طویل عرصے سے آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں اور جبری بے دخلی کا سامنا ہے۔