سہیل آفریدی نے پشاور میں پنک بس سروس کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں خواتین کےلیے پنک بس سروس کا افتتاح کردیا۔

پشاور میں ہونے والی تقریب سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ماؤں بہنوں کی عزت کرتے ہیں، اپنی بہنوں سے پنک بسوں کا وعدہ کیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ آج بسیں باہر کھڑی ہیں، خواتین کے لیے پنک بسوں کا کرایہ دیگر بسوں سے 25 فیصد کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں، ہمیں عوام کی فکر ہوتی ہے، 200 ارب روپے پشاور میں لگانے کا وعدہ کیا تھا۔

سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ 4 اکتوبر کو ہر صورت پرامن احتجاج ہوگا، کوئی بھی دھمکی ہمیں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم کبھی نہیں کہیں گے ہمیں بھارت سے خطرہ نہیں ہے، یہ مہذب اور غیرت مند لوگوں کا معاشرہ ہے، ہمارے خون میں حب الوطنی اور عورتوں کی عزت کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 3 دن کے لیے قوم کے 6 ارب روپے کی شاہ خرچیاں کرتے ہیں، جو عوام کے پیسوں سے آتے ہیں وہ 11 ارب کا جہاز نہیں لیتے، ملک 99 ہزار ارب کا مقروض ہے۔

سہیل آفریدی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 52 نئی بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی بسوں کی تعداد 296 ہوگئی ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ بی آر ٹی روزانہ ڈھائی لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، نئی بسوں سے مزید روٹس کھولنے، موجودہ روٹس پر مسافروں کا دباؤ کم کرنےمیں مدد ملےگی۔