راہول کی اپنے والد مہیش بھٹ کے ساتھ ’خراب‘ تعلقات پر لب کشائی

مہیش بھٹ اور ان کی پہلی بیوی کرن کے بیٹے راہول بھٹ نے والد کے ساتھ اپنے خراب تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ بچپن کے دوران اپنے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے مہیش بھٹ ان کے ساتھ کسی حد تک لاتعلق یا بے حس رہے۔

انہوں نے ان کے درمیان رابطہ نہ ہونے (کمیونیکیشن گیپ) پر بھی بات کی۔ ایک انٹرویو میں راہول نے کہا کہ مجھے خود اپنا باپ بننا پڑا۔ میرے والد موجود تو تھے، لیکن اصل میں نہیں تھے۔ وہ ایسی وجوہات کی بنا پر مجھ سے تھوڑے لاتعلق رہے ہیں جنہیں وہی بہتر جانتے ہیں۔

انہوں نے کہ میں اپنے والد سے محبت کرتا ہوں، ان کا احترام کرتا ہوں، لیکن میں اپنے والد جیسا نہیں ہوں۔ یہ ایک ٹوٹا ہوا اور خراب تعلق ہے۔ راہول نے مزید بتایا کہ انہیں ہمیشہ اپنے والد کے ساتھ بات چیت میں دشواری کا سامنا رہا ہے۔

مہیش بھٹ اور کرن 1970ء کی دہائی کے آخر میں باہمی رضامندی سے الگ ہو گئے تھے، جبکہ ان کی باقاعدہ طلاق 1988ء میں ہوئی۔ فلم ساز نے 1986ء میں اداکارہ سونی رازدان سے شادی کی، جن سے ان کی دو بیٹیاں عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ ہیں۔

اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کرتے ہوئے راہول نے سونی کو بہت ’اچھی‘ اور ’شفقت کرنے والی‘ قرار دیا لیکن کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا تعلق زیادہ تر ایک رسم یا دکھاوا ہی ہے۔

راہول نے کہا کہ مہیش بھٹ کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے باوجود ان کے والد کرن کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ راہول نے مزید کہا کہ وہ خود بھی مناسب آمدنی کما لیتے ہیں اور مالی طور پر خود کفیل ہیں۔