پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو جرمنی کے اوبر ایرینا میں ہاؤس فل کنسرٹ کے بعد خصوصی برلن بڈی بیئر سے نواز دیا گیا۔
ستمبر 2026ء میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد عاطف اسلم کو دیا گیا خصوصی ایوارڈ اور ان کی تصویر اب اوبر ایرینا کی ایک دیوار پر آویزاں ہے، جہاں کیٹی پیری، ریحانہ اور ٹومورو ایکس ٹوگیدر سمیت دیگر معروف فنکاروں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں اعزاز سے متعلق دیوار دکھائی گئی، کامیابی پر کئی معروف شخصیات نے بھی گلوکار کو مبارکباد دی۔
اوبر ایرینا میں ستمبر 2008ء سے ایسے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو خصوصی برلن بڈی بیئر پیش کیا جاتا ہے جو وہاں ہاؤس فل یا خصوصی ایونٹس میں شرکت کرتے ہیں، برلن بیئر شہر کی ثقافتی شناخت سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔
عاطف اسلم ان دنوں عالمی میوزک ٹور پر ہیں، جس کے تحت نومبر اور دسمبر میں فرانس اور متحدہ عرب امارات میں بھی ان کے کنسرٹس شیڈول ہیں۔
گلوکار رواں برس موسیقی کے میدان میں واپسی آئے ہیں، انہوں نے 15 جون کو لندن کے او 2 ایرینا میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ ان کا چوتھا اسٹوڈیو البم ’صبح آئے نہ‘ 31 جولائی 2026ء کو ریلیز ہوا۔
یہ 2008ء میں ریلیز ہونے والے البم ’میری کہانی‘ کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔
گزشتہ برس عاطف اسلم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے فنکاروں میں شامل رہے، جبکہ ان کی موسیقی کو مجموعی طور پر تقریباً 8 ارب بار اسٹریم کیا جا چکا ہے۔