جیکی چن کی موت کی جعلی خبر سوشل میڈیا پر وائرل

جیکی چن—فائل فوٹو

ہالی ووڈ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر جیکی چن کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر گردش کر رہی ہے جس پر ان کے نام کے ساتھ 1954ء-2026ء درج ہے، جعلی تصویر سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ 72 سالہ اداکار چل بسے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جعلی خبر کے ساتھ شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ کو صرف 5 گھنٹوں میں 38 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

ایسی جعلی خبریں معروف شخصیات سے متعلق سوشل میڈیا پر اکثر تیزی سے پھیل جاتی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر سامنے آئی ہو۔

2011ء میں بھی دل کا دورہ پڑنے کے باعث اداکار کے انتقال کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس کے بعد ان کی ٹیم نے سرکاری فیس بک پیج کے ذریعے ان کے زندہ اور خیریت سے ہونے کی تصدیق کی تھی۔

2022ء میں بھی جیکی چن کی موت سے متعلق ایک افواہ سامنے آئی تھی، تاہم فیکٹ چیکرز کو اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔

جیکی چن اب بھی شوبز سے وابستہ ہیں اور حالیہ مہینوں میں مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

 رواں سال جیکی چن نے کانز فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے بارے میں گفتگو کی اور حاضرین کی جانب سے سنیما میں اپنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیے جانے کے موقع پر کھڑے ہو کر داد وصول کی۔

6 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر رکھنے والے جیکی چن ’رش آور‘، ’پولیس اسٹوری‘ اور ’ڈرنکن ماسٹر‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔