زندگی میں اتنی کرکٹ حقیقت میں نہیں کھیلی جتنی تصور میں کھیلی ہے: سنیل شیٹی

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے کرکٹ سے اپنی دیرینہ وابستگی اور بھارتی کرکٹر روہت شرما کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر دیا۔

65 سالہ اداکار نے روہت شرما کے پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے کرکٹ سے اپنی محبت کے بارے میں گفتگو کی۔

سنیل شیٹی نے مذاقاً کہا ہے کہ شاید میں نے اپنی زندگی میں اتنی کرکٹ حقیقت میں نہیں کھیلی جتنی اپنے تصور میں کھیلی ہے۔

پروگرام کے دوران روہت شرما نے بھی بتایا کہ سنیل شیٹی نے انڈر 19 سطح پر کرکٹ کھیلی ہے اور وہ اس کھیل میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔

سنیل شیٹی نے کہا کہ میں روہت شرما کو اس وقت سے فالو کر رہا ہوں جب وہ تقریباً 16 یا 17 سال کے تھے۔

اداکار نے کرکٹ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہت شرما میرے پسندیدہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں، تاہم میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر سر ویوین رچرڈز کا بھی مداح رہا ہوں۔

انہوں نے سر ویوین رچرڈز اور روہت شرما کے انداز کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں میں ایک خاص ’سویگ‘ ہے، ایک میں کیریبیئن اور دوسرے میں دیسی سویگ نظر آتا ہے۔

سنیل شیٹی کی آخری فلم ویلکم ٹو دی جنگل تھی، جو 26 جون کو ریلیز ہوئی ہے۔