ضروری نہیں تمام سوتیلی مائیں بری ہوں، میری سوتیلی والدہ بہت اچھی ہیں: نازش جہانگیر

—فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنی سوتیلی والدہ اور ان کے ساتھ تعلق کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

ایک پروگرام میں سوتیلی ماں کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ میری حقیقی زندگی میں بھی ایک سوتیلی والدہ ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ ضروری نہیں کہ تمام سوتیلی مائیں بری ہوں، معاشرے میں سوتیلی ماں کے حوالے سے بہت سی کہانیاں اور تصورات بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد میرے والد نے دوسری شادی کی اور میری سوتیلی والدہ پورے خاندان کا بہت اچھے طریقے سے خیال رکھتی ہیں، وہ  والد کی بھی دیکھ بھال کرتی ہیں، اس لیے میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ سوتیلی مائیں بری ہوتی ہیں۔

نازش جہانگیر کا کہنا ہے کہ ابتداء میں مجھے اس رشتے کو قبول کرنے میں کچھ وقت لگا، تاہم میری سوتیلی والدہ نے اپنے رویے سے مجھے یقین دلایا اور میرے دل میں اپنی جگہ بنائی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک ڈرامے میں سوتیلی ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے مجھے اپنی حقیقی زندگی سے بھی مماثلت محسوس ہوئی، میں اپنی سوتیلی والدہ کو فون کر کے کہتی تھی کہ اب مجھے احساس ہوتا ہے کہ آپ کن حالات سے گزری ہوں گی۔