پی سی بی نے انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میچ ریفری جیف کرو فرائض سر انجام دیں گے۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر احسن رضا اور شرفدولہ بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ ون ڈے ٹرائی سیریز کے دیگر امپائرز میں آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین بھی شامل ہیں جبکہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر وین نائٹس بھی ٹرائی سیریز میں امپائرنگ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔
ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور نائٹس آن فیلڈ جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔
شرفدولہ اور نائٹس ٹرائی سیریز میں بالترتیب 4 اور 3 میچز میں تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی بھی سر انجام دیں گے۔
سری لنکا کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز میں ریفری علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، علی نقوی کا تعلق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میچ ریفریز سے ہے۔
ٹی 20 سیریز میں راشد ریاض، ناصر حسین، فیصل آفریدی بطور آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر ڈیوٹی سر انجام دیں گے، طارق رشید تینوں ٹی 20 میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر ٹیسٹ سیریز میں ذمے داریاں ادا کریں گے، ڈین کوسکر ٹیسٹ کرکٹ میں بطور ریفری راولپنڈی میں ڈیبیو کریں گے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈ اسٹاک اور علاؤدین پالیکر ٹیسٹ سیریز میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے، پالیکر اور ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمے داریاں ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی 20 سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہو گی، ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہو گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔