اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات کے بعد اگر مجھے دفاع کی وزارت کا قلم دان سونپا گیا تو میں تمام فلسطینی قیدیوں کو موت کی سزا دلوانا یقینی بناؤں گا۔
عرب میڈیا کے مطابق اتمار بن گویر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ ایک فلسطینی قیدی کو براہِ راست قتل کی دھمکیاں دیتے نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو میں بن گویر کو قید خانے کے اندر قیدی حسن سلامہ سے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں تمہیں پھانسی دینا چاہتا ہوں۔‘
ویڈیو کے ساتھ جاری کردہ بیان میں بن گویر نے اعلان کیا ہے کہ اگر آنے والے انتخابات کے بعد مجھے دفاع کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا تو میں حسن سلامہ جیسے تمام فلسطینی قیدیوں کو موت کی سزا دلوانا یقینی بناؤں گا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی بے دخلی یا انہیں وہاں سے نکالنے کی پالیسی کو آگے بڑھانے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حسن سلامہ 1996ء سے اسرائیلی حراست میں ہیں اور 1990ء کی دہائی میں ہونے والے بم دھماکوں کے الزامات کے تحت متعدد بار قید کی سزا کاٹ چکے ہیں۔
دوسری جانب حماس نے بن گویر کی جانب سے ویڈیو میں حسن سلامہ کو دی جانے والی اس دھمکی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔