16 لاکھ فالوورز رکھنے والی بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر نے خودکشی کرلی

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نِدھی کے فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 7 لاکھ فالوورز تھے، نِدھی کی ویڈیوز کو لاکھوں افراد دیکھتے تھے اور ان کا شمار نمایاں سوشل میڈیا شخصیات میں ہوتا تھا۔

نِدھی نے 2024ء میں ’مس پریٹی انڈیا‘ کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ماڈلنگ و اداکاری میں کیریئر بنانے کی کوشش کر رہی تھیں، وہ ماڈلنگ، ڈیجیٹل کانٹینٹ کرئیٹنگ کی سرگرمیوں میں بھی متحرک تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے نِدھی کے گھر والوں کو ان کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھی، اہل خانہ نِدھی کو اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

نِدھی کے اہل خانہ کے مطابق واقعے سے قبل ان کی بیٹی کسی شخص سے فون پر بات چیت اور پریشان دکھائی دے رہی تھی۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نِدھی کی موت سے قبل ہونے والی گفتگو اور دیگر حالات کی تحقیقات جاری ہیں، خودکشی کی وجہ کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہو گا۔