بھارتی ٹی وی اور فلم کے اداکار کرن واہی نے پاکستانی اداکارہ کنزا ہاشمی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بارڈر پار اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دے دیا۔
کرن واہی نے انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کنزا ہاشمی کے بارے میں کہا ہے کہ وہ میری پسندیدہ اداکارہ ہیں اور میری جان پہچان میں آنے والے سب سے خوش اخلاق لوگوں میں سے ایک ہیں۔
دونوں فنکار اس سے قبل میوزک ویڈیو ’میرے ہو جاؤ‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
اس میوزک ویڈیو کے ذریعے دونوں نے سرحد پار اشتراک کیا تھا، جس میں دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کو بھی مداحوں کی جانب سے سراہا گیا تھا۔
کرن واہی سے ایک اور مداح نے پاکستان آنے کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے دلچسپ انداز میں جواب دیا کہ جب مجھے پاکستان کا ویزا دیا جائے گا، تب میں پاکستان آؤں گا۔
کرن واہی کی جانب سے کنزا ہاشمی کی یہ تعریف سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی، جہاں مداحوں نے دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان دوستانہ تعلق اور باہمی احترام کو سراہا ہے۔