شہید ایس ایچ او ریاض حسین پر فائرنگ کے مقدمہ میں 2 زیر حراست ملزمان ہلاک، پولیس

فائل فوٹو 

قبائلی ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری میں پولیس اور این سی پی گاڑیوں کے مبینہ اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او ریاض حسین شہید ہوئے۔ 

پولیس کے مطابق فائرنگ کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے دوران زیرِ حراست دونوں ملزمان مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے، جبکہ زیر حراست ملزمان اشفاق احمد اور ہدایت خان فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 واضح رہے کہ ایس ایچ او ملاگوری ریاض حسین آج صبح ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران دو این سی پی گاڑیاں بھی قبضے میں لی تھیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔