رکن کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں: اسپیکر بابرسلیم سواتی

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں۔

ایک بیان میں بابرسلیم سواتی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اگر منتخب عوامی نمائندے اور پارلیمانی نظام کا حصہ رہے ہوتے تو یہ بات جانتے۔

انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کےلیے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں۔ ہر رکن تفتیش، مقدمے اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرے گا۔

بابرسلیم سواتی نے مزید کہا کہ اسپیکر کا کردار صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ گرفتاری سیاسی انتقام یا اسمبلی کارروائی میں رکاوٹ کے لیے نہ ہو ۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ جمہوریت ہے کہ نقاب پوش وارنٹ کے بغیر منتخب ارکان اور سیاسی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اٹھائیں؟