رضوان کو تاحال این سی سی آئی اے کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا: قریبی ذرائع محمد رضوان

کرکٹر محمد رضوان—فائل فوٹو

کرکٹر محمد رضوان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال این سی سی آئی اے کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان کو پہلا نوٹس بھی واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق الزامات کیا ہیں؟ کیوں بلا رہے ہیں؟ رضوان کو تاحال ان سوالات کے جواب بھی نہیں ملے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق این سی سی آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی جانب سے مبینہ عدم تعاون کے باعث تحقیقات میں تاخیر ہو رہی ہے۔

این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے متعدد مرتبہ رابطہ کر کے تحقیقات میں تعاون کرنے کی درخواست کی گئی، تاہم بھرپور کوششوں کے باوجود ان کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کبھی رابطہ نہیں ہو سکا اور کبھی رضوان کی جانب سے وکیل سے مشاورت کرنے کا کہا گیا، تحقیقات میں تعاون کے لیے پیر کو محمد رضوان سے ایک بار پھر رابطہ کیا جائے گا، اگر اس کے باوجود تعاون نہ کیا گیا تو قانون کے مطابق انہیں نوٹس جاری کرنے سمیت دیگر کارروائی پر غور کیا جا سکتا ہے۔