بحری مشقوں کے دوران 14 فوجی ہلاک، غفلت پر 5 افسران گرفتار

— فائل فوٹو

قازقستان کے ساحلی علاقے میں بحری مشقوں کے دوران 14 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ 3 کو بچا لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو بحیرۂ کیسپیئن کے ساحل پر موسم میں اچانک خرابی اور تیز ہواؤں کے باعث پیش آیا۔

قازقستان کے مغربی علاقے منگستاؤ کی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ جنگی تربیتی مشق کے دوران 17 اہلکار سمندر میں بہہ گئے تھے۔

قازقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ؤزارتِ دفاع کے 5 افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار افراد میں بحریہ کے فرسٹ ڈپٹی کمانڈر بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق افسران کو غفلت اور بحری جہاز رانی کے قوانین کی خلاف ورزی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف نے واقعے کی وجوہ اور حالات کا تعین کرنے کے لیے حکومتی کمیشن کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔