امریکا کا منصوبہ مسلم ممالک کو آپس میں لڑوا کر خطے کے وسائل پر قبضہ کرنا ہے، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان(فائل فوٹو)۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مسلم ممالک کی فضائی حدود سے ایران پر حملہ کیا، ایران نے خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا کیونکہ وہاں سے ایران پر حملے ہوئے۔ 

عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کا منصوبہ مسلم ممالک کو آپس میں لڑوا کر خطے کے وسائل پر قبضہ کرنا ہے، آبنائے ہرمز بند ہونے کا ذمہ دار امریکا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ جب ایران کے راستے بند کیے جائیں گے تو آبنائے ہرمز بند کرنا فطری عمل ہے، آبنائے ہرمز تنازع کا حل طاقت سے نہیں بات چیت سے ہی ممکن ہے۔ 

ایرانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کو اپنے اختلافات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، ایران سعودی حوثی تنازع حل کرانے میں مدد کر سکتا ہے۔ 

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا کے بار بار حملوں اور پابندیوں کے بعد امریکا سے بات چیت پر بھروسہ نہیں رہا، پاکستان اور قطر ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کر رہے ہیں، پاکستان اور قطر ایران کے پیغامات امریکا تک پہنچا رہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ پیغامات کا تبادلہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر ہو رہا ہے، امریکا کو اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرنا ہوگا، خطے کی سلامتی علاقائی ممالک کے باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ 

ایرانی صدر نے کہا کہ خطے کو کسی چوکیدار یا بیرونی طاقت کی ضرورت نہیں، امریکی پابندیوں اور اسرائیلی مؤقف کے باوجود ایران ثابت قدم رہے گا۔