سعودی وزیر دفاع کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، مکہ معاہدے کے تحت دفاعی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی عرب باہمی دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دو طرفہ عسکری تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کےدوران ’مکہ معاہدے‘ کے تحت دفاعی کوششیں بھر پور طریقے سے جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا گیا جبکہ مکہ معاہدے کے رکن ممالک کے عسکری سربراہان کے حالیہ اجلاس کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔

ملاقات میں مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر ہونے والےحملوں کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت کی گئی اور مکہ معاہدے کے تحت ایسے کسی بھی خطرے یا حملے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں اور اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔