چینی صدر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر واپسی کی حمایت کو سراہتے ہیں: مسعود پزشکیان

— فائل فوٹو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر واپسی کی حمایت کو سراہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ چینی صدر کی بات چیت اور سفارت کاری سے اختلافات حل کرنے کی ذمے دارانہ حمایت قابلِ قدر ہے، ایران بھی مفاہمتی یادداشت کی طرف واپسی کو اہم سمجھتا ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران مفاہمت پر واپسی کے لیے طے شدہ وعدے پورے کرنے پر زور دیتا ہے، سنجیدہ، بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے وعدوں کی پاسداری ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی خودمختاری کے احترام، کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن پر چین اور ایران کامؤقف یکساں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکا اور ایران اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی طرف واپس آئیں۔

اس سے قبل ایرانی صدر نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے جنگ کا انتخاب نہیں کیا، جنگ ہم پر مسلط کی گئی، ہم جنگ نہیں، امن کے خواہاں ہیں۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ اگر ہم پر حملہ ہوا تو ہمیں اپنا دفاع کرنا ہو گا، اپنے دفاع کے لیے مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔