مشتاق خان کے بیٹے نے والد کے آخری ایام کا احوال بیان کردیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار مشتاق خان کے بیٹے محسن خان نے والد کی زندگی کے آخری دنوں سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔

مشتاق خان گزشتہ روز ممبئی میں پھیپھڑوں کے کینسر سے ایک سال سے زائد عرصے تک جنگ لڑنے کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔

ہم ہیں راہی پیار کے، غدر: ایک پریم کتھا، ویلکم اور بالا جیسی مشہور فلموں کے لیے جانے جانے والے مشتاق خان علاج کے دوران بھی کام کرتے رہے۔

ان کے بیٹے محسن خان، جو ایک فلم ساز ہیں، نے اب اپنے والد مشتاق خان کے آخری ایام کے بارے میں بات کی اور انکشاف کیا کہ علاج کا ان پر مثبت اثر ہو رہا تھا، تاہم آخری 10 دنوں کے دوران ان کی حالت بگڑ گئی۔

محسن نے بتایا کہ ان کے والد ایک سال سے زیادہ عرصے سے بیمار تھے۔ اور ہم ان کا علاج کروا رہے تھے۔ ان پر علاج کا اچھا اثر ہو رہا تھا لیکن آخری 10 دنوں میں حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ اللہ کی یہی مرضی تھی۔ انہوں نے بہت اچھی زندگی گزاری اور اسپتال میں ہونے کے باوجود وہ مسکراتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

مشتاق خان اپنی بیماری کے باوجود کام میں فعال رہے۔ محسن کے مطابق انھوں نے آخری بار 4 ستمبر کو ممبئی کے مدھ آئی لینڈ میں کیمرے کا سامنا کیا تھا۔

باپ بیٹے کی اس جوڑی نے دو ٹی وی اشتہارات پر ایک ساتھ کام کیا تھا، جن میں سے ایک راجپال یادہو کے ساتھ اور دوسرا پریش راول کے ساتھ تھا۔

مشتاق خان نے بعد میں محسن کی ہندی۔مراٹھی فلم میں ایک مکمل کردار ادا کیا، تاہم وہ ڈبنگ مکمل کرنے سے پہلے ہی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔