وزارت اطلاعات کا فیکٹ چیک، پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا افغان طالبان کا دعویٰ جھوٹا قرار

وزارت اطلاعات و نشریات نے فیکٹ چیک کرتے ہوئے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی فوسز سے متعلق کیے گئے دعوے کو من گھڑت قرار دے دیا۔ 

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان وزارتِ دفاع نے حسبِ معمول اسپن بولدک کے قریب پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔ 

وزارت کے مطابق افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ افغان افواج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم یہ دعویٰ بالکل غلط اور من گھڑت ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب گلستان سیکٹر میں افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ طالبان کی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا، کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز کو میڈیا پر نشر کیا جاچکا ہے جبکہ یہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان وزارتِ دفاع کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش حیران کن نہیں۔ طالبان ماضی میں بھی جھوٹے دعوے کرتے رہے ہیں۔