شمالی غزہ میں اسرائیلی ڈرون سے اس کے اپنے ہی 2 فوجی ہلاک ہوگئے

فوٹو: اسرائیلی میڈیا 

شمالی غزہ میں ڈرون کے حادثاتی دھماکے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، صہیونی فوج نے ڈرون آپریشن میں تکنیکی خرابیوں کا پتا چلانے تک تمام چھوٹے ڈرونز کی پروازیں روک دیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق واقعہ جمعرات کو پیش آیا، جب فوجی غزہ کی پٹی میں ایک چھوٹے دھماکا خیز ڈرون کو آپریٹ کر رہے تھے۔ ڈرون نامعلوم وجہ سے گر کر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے۔

مارے گئے دونوں فوجی یروشلم بریگیڈ کی 7007ویں بٹالین سے تعلق رکھتے تھے، جس میں سے ایک کی عمر 24 سال اور دوسرے کی 23 سال تھی، دونوں فوجی ’اٹالیف‘ نامی فرسٹ پرسن ویو (ایف پی وی) ڈرونز آپریٹ کر رہے تھے۔ پہلا ڈرون کامیابی سے اپنا مشن مکمل کرگیا، تاہم دوسرا ڈرون اڑان بھرنے کے دوران فوجی چوکی کے اندر گر گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق چند منٹ بعد دونوں فوجی گرے ہوئے ڈرون کے قریب گئے، اسے اٹھایا تو وہ اچانک پھٹ گیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں اسپتال میں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔