سندھ ہائیکورٹ کا تحقیقات مکمل نہ ہونے پر اظہار برہمی

فائل فوٹو 

سندھ ہائیکورٹ میں یلو لائن منصوبے میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تحقیقات مکمل نہ ہونے اور تاحال چالان پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ تفتیشی عمل میں پیش رفت نہ ہونے پر سوالات بھی اٹھائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، عدالت نے چیئرمین اینٹی کرپشن سے وضاحت طلب کرلی۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ ایف آئی آر سے قبل باقاعدہ انکوائری میں ریکارڈ کا جائزہ لیا جا چکا تھا، تفتیش میں غیر ضروری تاخیر کی کوئی قابل قبول وضاحت نہیں دی گئی، بادی النظر میں چالان جمع کروانے میں تاخیر سنگین غفلت کو ظاہر کرتی ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کیا تفتیش میں دانستہ تاخیر کرکے ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے؟ چیئرمین نیب وضاحت دیں کہ معاملے کی جانچ کیلئے چیئرمین نیب کو کیوں نہ بھیجا جائے؟