نادیہ خان کو کس فلم میں کام نہ کرنے کا آج بھی افسوس ہے؟

نادیہ خان—فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے آج بھی افسوس ہے کہ میں نے شعیب منصور کی مقبول فلم ’بول‘ میں کام کی پیشکش مسترد کی۔

انہوں نے بتایا ہے کہ میں خود اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتی تھیں لیکن سابق شوہر کے کہنے پر فلم سے انکار کیا تھا۔

نادیہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ شعیب منصور نے ذاتی طور پر مجھے فلم کی پیشکش اور آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن میں نے انہیں مایوس کیا۔

اداکارہ کے مطابق میں ’بول‘ میں کام کرنا چاہتی تھیں، تاہم گھریلو مسائل کے باعث صورتِ حال مشکل ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی پیشکش ملنے کے بعد میرے خاندان میں جھگڑا ہوا اور سابق شوہر نے مجھے فلم میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

نادیہ خان نے واضح کیا کہ میں فلم بول میں زینب کا کردار کرنا چاہتی تھی، مجھے شعیب منصور کو انکار کرنے پر افسوس ہے اور اب ماضی پر نظر ڈالتی ہوں تو لگتا ہے کہ مجھے یہ قبول کر لینا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ 2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم بول میں زینب کا یہ کردار بعد ازاں اداکارہ حمائمہ ملک نے ادا کیا تھا۔