گووندا نے کومل رانی کے ساتھ لال باغیچہ حاضری دینے کی وضاحت کر دی

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اداکار گووندا نے مبینہ گرل فرینڈ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ لال باغیچہ راجہ پنڈال جانے پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

62 سالہ اداکار نے کہا ہے کہ میں کومل رانی کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ’روپا‘ کی کامیابی کے لیے دعائیں کرنے گیا تھا، جس میں کومل میرے مقابل اداکاری کر رہی ہیں۔

گووندا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ جس طرح ردِعمل دے رہے ہیں، اس سے قبل میں کرشمہ کپور کے ساتھ بھی وہاں گیا تھا اور اس وقت میری فلمیں کامیاب ہوئی تھیں، میں روینہ ٹنڈن کے ساتھ بھی لال باغیچہ گیا تھا اور فلم کامیاب ہوئی، اس بار میں کومل رانی کے ساتھ گیا اور فلم کے لیے دعا کی۔

اداکار نے فلم اور کومل رانی کے ساتھ اپنے تعلقات سے متعلق مسلسل قیاس آرائیوں پر بھی ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کچھ شروع ہو رہا ہے تو اس پر اتنی بحث کیوں کی جا رہی ہے؟ میں مشہور ہو رہا ہوں تو لوگوں کو اس سے کیا تکلیف ہے۔

دوسری جانب گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ممبئی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پالتو جانوروں سے محبت کا ذکر کیا اور کہا کہ انسانوں کو جتنا بھی پیار دیں، وہ دھوکا ہی دیتے ہیں، جبکہ جانور ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گووندا اور کومل رانی سوارنکر کو ایک ساتھ دیکھے جانے کے بعد دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، سنیتا آہوجا ماضی میں دونوں کی عمر کے فرق پر بھی تنقید کر چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سنیتا نے دسمبر 2024ء میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی، تاہم رواں سال اگست میں درخواست واپس لے لی تھی۔ 

بعد ازاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ گووندا کومل سے شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم گووندا کے مینیجر نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوسری شادی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔