پی ٹی اے کا ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کی چیکنگ کا آغاز

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کی چیکنگ کا آغاز کر دیا۔ 

اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق دورانِ لوڈشیڈنگ موبائل فون سروسز کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ٹیمیں مختلف شہروں کے شہری و دیہی علاقوں میں ٹاورز کا معائنہ کر رہی ہیں۔ بیٹریوں، جنریٹرز اور سولر سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت مختلف زونز میں چیکنگ جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں موبائل سگنلز اور سروسز کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 

پی ٹی اے کے مطابق مقامی نمائندے بھی پی ٹی اے ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ مقامات کی نشاندہی کر رہے ہیں، بجلی بند ہونے پر کمزور موبائل سگنلز یا سروس کی عدم دستیابی والے علاقوں کی نشاندہی جاری ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے زونل دفاتر کو ٹیلی کام ٹاورز کا جائزہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ 

پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو بلاتعطل ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے لیے متبادل بجلی نظام کی نگرانی کی جا رہی۔