امریکی محکمۂ خارجہ نے ویزا فراڈ کی اطلاع دینے کیلئے آن لائن پورٹل لانچ کر دیا

—فائل فوٹو 

امریکی محکمۂ خارجہ نے ویزا فراڈ اور ویزوں کے غلط استعمال کی اطلاع دینے کے لیے عوامی آن لائن پورٹل قائم کر دیا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق عوام مشتبہ ویزا فراڈ سے متعلق معلومات براہِ راست آن لائن فراہم کر سکیں گے، جبکہ اطلاع گمنام طور پر بھی دی جا سکتی ہے، فراہم کردہ معلومات کی مکمل جانچ کے بعد مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محکمے کے مطابق ویزا فراڈ میں جعلی دستاویزات یا سفری منصوبے، فرضی شادیاں، جعلی کمپنیوں کے ذریعے ویزا حاصل کرنا، جعلی ملازمتوں کی پیشکش اور امریکا میں بچے کی پیدائش کے لیے ویزے کا غلط استعمال شامل ہو سکتا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا فراڈ امریکی حکومت کو دھوکا دینے کے ساتھ امریکی معیشت، کارکنوں، عوامی سلامتی اور قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے ویزے منسوخ کرنے کے ساتھ معاملات مزید قانونی تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے مشتبہ ویزا فراڈ سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے آن لائن پورٹل کے ذریعے اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔