درد کش اور اینٹی بائیوٹکس کا بے جا استعمال گردوں کیلئے خطرناک قرار

—فائل فوٹو 

ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ درد کش ادویات اور اینٹی بائیوٹکس کا خود سے، بار بار یا طویل عرصے تک استعمال گردوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے جبکہ اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال جراثیم میں ادویات کے خلاف مزاحمت بھی بڑھا دیتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محققین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ خصوصاً عام وائرل بیماریوں میں ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر کسی اینٹی بائیوٹک دوا کا استعمال نہ کریں، نہ بچی ہوئی دوا دوبارہ لیں اور نہ ہی ڈاکٹر کی جانب سے تجویز کی گئی دوا کے استعمال کا دوسروں کو مشورہ دیں۔

محققین کی جانب سے ڈاکٹروں کو بھی درد کش ادویات کم سے کم، صرف مؤثر مقدار اور مختصر ترین مناسب مدت کے لیے تجویز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس صرف طبی ضرورت کے تحت استعمال کی جائیں، گردوں کے مریضوں، کم پانی پینے والے یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے خصوصی احتیاط پر زور دیا گیا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔