برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے روس سمیت مخالف ریاستوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کردیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ روس سمیت مخالف ریاستوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کے خلاف نیشنل سینٹر فار انفارمیشن ڈیفنس قائم کرے گا۔
ان کے مطابق روس بوٹس، جعلی ویب سائٹس اور دیگر ذرائع کے ذریعے جھوٹ اور ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہے جبکہ مصنوعی ذہانت ان خطرات میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔
اینڈی برنہم نے مزید کہا کہ برطانیہ اے آئی کے لیے عالمی حفاظتی معیارات کے قیام کی کوششوں میں بھی کردار ادا کرے گا۔
برطانوی وزیراعظم نے 2019ء کے عام انتخابات میں روسی مداخلت کی کوششوں اور برطانوی اداروں پر سائبر حملوں کا بھی حوالہ دیا۔
روس نے ماضی میں ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’روس مخالف تعصب‘ قرار دیا ہے جبکہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مغربی میڈیا پر بھی روس مخالف بیانیہ اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔