بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے جاپان کے خلاف واحد ٹی 20 میچ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو کر ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
سانو میں کھیلے گئے میچ میں ابھیشیک شرما کو جاپان کے آل راؤنڈر چارلی ہارا ہنزے نے صفر پر آؤٹ کر دیا۔
جاپان کے خلاف میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی اوپنر ایک ہی سال کے دوران ٹی 20 فارمیٹ میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل افغانستان کے راشد خان اور پاکستان کے شاداب خان ایک سال میں 9، 9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے ریکارڈ میں برابر تھے۔
راشد خان 2019ء جبکہ شاداب خان 2024ء میں 9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
ابھیشیک شرما کے لیے یہ ناکامی صرف مایوس کن ہی نہیں بلکہ حیران کن بھی رہی کیونکہ چند روز قبل ہی انہوں نے افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔
بھارتی اوپنر نے صرف 34 گیندوں پر 108 رنز بنائے تھے اور سنچری محض 30 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ یہ ٹی 20 کرکٹ کی تیسری تیز ترین سنچری جبکہ کسی بھارتی بیٹر کی جانب سے اس فارمیٹ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری تھی۔
ابھیشیک شرما سے قبل تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ روہت شرما کے پاس تھا، جنہوں نے 2017ء میں سری لنکا کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
جاپان کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنائے، جس کے جواب میں جاپان کی ٹیم 5 اوورز میں 3 وکٹوں پر 30 رنز بنا سکی اور بھارت نے مقابلہ 2 رنز سے جیت لیا۔