حسن رحیم کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ نیٹ فلکس کی نئی فلم میں شامل

— فائل فوٹو

پاکستان کے معروف گلوکار حسن رحیم کا کوک اسٹوڈیو کا مقبول گانا پیچھے ہٹ نیٹ فلکس کی نئی ڈانس کامیڈی فلم بیسٹ آف دی بیسٹ کا حصہ بن گیا۔

18 ستمبر سے نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی اس فلم کی کہانی بچپن کی 2 سہیلیوں، مایا اور انجلی کے گرد گھومتی ہے جو یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس (UCLA) کی مسابقتی بالی ووڈ فیوژن ڈانس ٹیم میں شامل ہوتی ہیں اور امریکی چیمپیئن شپ جیتنے کے لیے مقابلہ کرتی ہیں۔

اس نیٹ فلکس فلم کے ذریعے پاکستانی گلوکار کی موسیقی بالی ووڈ فیوژن ساؤنڈ ٹریک میں شامل ہو گئی۔

پاکستانی گلوکار کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ پہلی مرتبہ 2022ء میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں پیش کیا گیا تھا، جہاں حسن رحیم نے جسٹن جسٹن بیبیز اور طلال قریشی کے ہمراہ گانا پیش کیا۔

یہ گانا 19 فروری 2022ء کو ریلیز ہوا تھا اور اس کی آفیشل میوزک ویڈیو کو یوٹیوب پر 28 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

گانے کے بول حسن رحیم نے لکھے، جبکہ اس کی کہانی حسن رحیم اور زلفی نے ترتیب دی۔

طلال قریشی اور زلفی نے گانے کی دھن، ترتیب اور پروڈکشن پر کام کیا، جبکہ طلال قریشی نے ہُک لائن بھی تیار کی۔

بیسٹ آف بیسٹ میں پیچھے ہٹ کے علاوہ بلیک پنک، اینہائپن، ہنومین کائنڈ اور اے آر رحمٰن سمیت دیگر فنکاروں کے گانے بھی شامل ہیں۔

فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں بین الاقوامی پاپ اور ہپ ہاپ گانوں کے ساتھ پاکستانی اور جنوبی ایشیائی موسیقی بھی شامل کی گئی ہے۔

لینا خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں میتری رام کرشنن نے مایا جبکہ پریانکا کیڈیا نے انجلی کا کردار ادا کیا ہے، حسن منہاج پروفیسر حمزہ لطیف کے کردار میں نظر آتے ہیں۔