وزن بڑھنے پر تنقید، پرینیتی چوپڑا کترینہ کی حمایت میں سامنے آگئیں

  
تصویر سوشل میڈیا۔

معروف بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے کترینہ کیف کے ہاں بچے کی ولادت کے بعد ان کی جسمانی طور پر فربہی پر ٹرولنگ کرنے والوں پر کڑی تنقید کی اور کہا یہ  بالکل ناسمجھ لوگ ہیں۔ 

واضح رہے کہ اداکارہ کترینہ کیف کو حال ہی میں اس وقت شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جب وہ اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ امبانی خاندان کے ہاں ہونیوالی تقریبات میں شریک ہوئیں۔ اس موقع پر انکے بڑھے ہوئے جسمانی وزن پر تنقید کی گئی۔ اس سے قبل بگ باس 20 میں سلمان خان نے بھی ان ٹرولز کو آڑے ہاتھوں لیا۔ 

اب پرینیتی چوپڑا نے بھی کترینہ کا دفاع کرتے ہوئے ایسے لوگوں پر تنقید کی۔ انہوں نے خواتین اداکاراؤں کو ان کی ظاہری شکل کے حوالے سے جس سخت جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کی طرف بھی اشارہ کیا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران پرینیتی سے پوچھا گیا کہ وہ کترینہ پر تنقید کرنے والوں اور سلمان خان کی جانب سے ان کا دفاع کرنے کے بارے میں کیا کہیں گی؟ جس پر پرینیتی نے اس قسم کے ٹرولز کو مکمل طور پر ناسمجھی قرار دیا۔

انھوں نے کہا زچگی کے بعد خواتین کے جسم پر تبصرہ کرنا میری سمجھ سے بالاتر ہے، آپ بال کٹواتی ہیں تو بال چھوٹے ہو جاتے ہیں۔ آپ چھٹیوں پر جاتی ہیں تو جسم پر دھوپ کا اثر لے کر واپس آتی ہیں۔ 

آپ نے جو کچھ بھی کیا اس کا اثر جسم پر نظر آتا ہے اور یہ سب کچھ سراہا جاتا ہے۔ لیکن ایک انسانی زندگی، ایک بچے کو جنم دینا، اس کا اثر جسم پر پڑنے پر تنقید کیسے کی جاسکتی ہے؟ انھوں نے کہا ماں بننے کے جسمانی اثرات تنقید کے بجائے سراہے جانے کے لائق ہے۔