کینسر سے نبرد آزما دیپیکا ککڑ کا کام پر واپسی کا اعلان

دیپیکا ککڑ۔ 

بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ دیپیکا ککڑ نے کام پر واپسی کا اعلان کریا، ان کا کہنا ہے کہ علاج کے دوران روزانہ کا سیریل ممکن نہیں، صحت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ میوزک ویڈیو کے لیے ایک دن کی شوٹنگ تو کرسکتی ہیں، لیکن روزانہ کا سیریل ان کے لیے بہت مشکل ہوگا۔

میوزک ویڈیو کے ذریعے اپنی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیپیکا نے کہا دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، اس وقت میری کنڈیشن دیکھتے ہوئے مجھے نہیں لگتا کہ میں روزانہ کا کام کر پاؤں گی۔ ظاہر ہے ایسے میں کوئی مجھے کیوں کاسٹ کرے گا؟ یہ بالکل واضح ہے۔

کینسر سے نبرد آزما 41 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی صحت کی صورتحال کے پیشِ نظر روزانہ کا سیریل شوٹ کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں سوچنے والی کوئی بات نہیں، کیونکہ یہ ٹریٹمنٹ ہے، اس کے سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں۔

طویل وقفے کے بعد ڈانس ریہرسل میں واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیپیکا نے بتایا کہ انہیں ہر 10 منٹ بعد وقفہ لینا پڑتا تھا، جس سے انہیں احساس ہوا کہ ان کا جسم کتنا کمزور ہو چکا ہے۔ 

انہوں نے کہا گانے کی شوٹنگ ہو چکی ہے اور وہ اپنی واپسی کے حوالے سے گھبراہٹ اور جوش دونوں محسوس کر رہی ہیں۔ 

حالیہ رپورٹس کے مطابق دیپیکا اس وقت اپنے شوہر شعیب ابراہیم کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو پر کام کر رہی ہیں۔

دیپیکا ککڑ کو 2025 میں اسٹیج 2 لیور کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس پر اسی سال جون میں انہوں نے اپنے جگر سے ٹیومر نکالنے کے لیے سرجری کروائی۔ اس کے بعد سے وہ اپنی ولاگز کے ذریعے اپنی صحت یابی اور علاج کے سفر کو دستاویزی شکل دیتی رہی ہیں۔

 فروری 2026 میں انکے جگر میں ایک سسٹ کا پتہ لگنے کے بعد دیپیکا کی ایک اور سرجری ہوئی تھی۔ بعد میں دو نئے چھوٹے سسٹس کا پتہ چلنے پر ڈاکٹروں نے دوبارہ سرجری کے بجائے نگرانی کا مشورہ دیا، جس کے بعد دیپیکا نے امیونو تھراپی شروع کروائی۔ 

ایک حالیہ ولاگ میں انہوں نے بتایا علاج سے متلی، الٹی اور تھکاوٹ رہتی ہے۔