ذہن میں صرف ایک بات ہے ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے ذہن میں صرف ایک بات ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔

نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ تہران سے معاہدہ کرنا چاہا ایران نے انکار کردیا۔ ایران کی دہشت گرد رجیم بہت برے طرز عمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، یقین ہے مڈ ٹرم الیکشن کے بعد تہران سے ڈیل ہوجائے گی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں بدمعاشی کرتا تھا، اب نہیں کرسکتا، آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں ایران کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایران کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا، وہ دنیا میں دہشت گردی کو پروموٹ کر رہا تھا، ایرانی معیشت تباہ ہوچکی، اب وہاں مہنگائی 300 فیصد ہوچکی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کا برا طرز عمل اس لیے نہیں کہ وہ طاقتور ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ کمزور ہوگئے ہیں، امریکی بحریہ نے آبنائے ہُرمُز سے ایک ارب بیرل تیل نکلوایا ہے۔ امریکی فوج ہر روز 22 سے 37 بحری جہازوں کو آبنائے ہُرمُز سے گزار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بڑے فیصلے کا اعلان کرنے جا رہا ہوں، مجھے فیصلہ کرنا ہے کہ ایران کو تباہ کردوں یا انہیں دوبارہ پنپنے دوں۔

امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن ایپک فیوری سے ایرانی بحریہ کے جہاز، ان کے ریڈارز تباہ کردیے، ایرانی فوج، ان کے میزائل اور ڈرون بنانے کی فیکٹریاں بند ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران دیکھنا چاہتے ہیں کہ مڈٹرم الیکشن میں میری پوزیشن کیا رہتی ہے، ایرانیوں کو احساس نہیں کہ میں تو مڈٹرم الیکشن میں لڑ ہی نہیں رہا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج ہر روز 22 سے 37 بحری جہازوں کو آبنائے ہُرمُز سے گزار رہی ہے۔

اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب میں بھی ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ ختم کرانے کا ذکر کیا اور کہا کہ دوسروں نے امن کی بات کی، میں نے قیام امن ممکن بنایا،دوسروں نے ہمت کی بات کی، امریکا نے ہمت دکھائی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں نے خدشات کو نظر انداز کیا میں نے خدشات کا مقابلہ کیا،دوسروں نے طاقت کی بات کی، میں نے طاقت کا استعمال کر کے امریکا کو دنیا کا طاقتور ملک بنایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر سلامتی کونسل کا شکر یہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا آج ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ طاقتور ہے،ملک آگے بڑھ رہا ہے اور اس کا مستقبل پہلے سے بہت زیادہ روشن ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ آج امریکا میں دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے، ہماری سرحدیں پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہیں۔

اُن کا کہناتھا کہ امریکا میں آج 125 سال کے مقابلے میں قتل کی وارداتوں کی شرح کم ترین ہے،امریکا میں غربت کی شرح ریکارڈ سطح تک نیچے آگئی ہے۔