بینک آف انگلینڈ نے یارکشائر میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے منصوبے کے تحت لیڈز میں ایک نیا طویل مدتی دفتر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیشرفت خطے میں بینک کی موجودگی مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
بینک آف انگلینڈ کے مطابق لیڈز کے بانڈ کورٹ میں واقع کیپیٹل ہاؤس میں قائم کیا جانے والا نیا دفتر جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گا، جہاں ملازمین کے درمیان تعاون اور نئی سوچ و جدت کو فروغ دینے کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔
بینک کا کہنا ہے کہ نئے دفتر کا قیام اس مقصد کا حصہ ہے کہ مرکزی بینکاری کی اہم ذمے داریاں لندن اور لیڈز دونوں شہروں سے انجام دی جا سکیں۔
بینک آف انگلینڈ کے منصوبے کے تحت یارکشائر میں تقریباً 500 ملازمین کو روزگار فراہم کیا جائے گا، جس سے خطے میں بینک کی موجودگی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
نئے دفتر کا قیام لیڈز اور وسیع تر یارکشائر خطے میں بینک آف انگلینڈ کے طویل مدتی عزم کی ایک اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔