ایران جدید ترین ہتھیاروں کی پیداوار و فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے: حسین محبی

ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے ترجمان جنرل حسین محبی—فائل فوٹو

ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز کے ترجمان جنرل حسین محبی کا کہنا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور دشمن کے خطرات کا جواب دینے کے لیے نئے ہتھیاروں کے نظام کی توسیع اور جانچ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میں نئے تیار کردہ ہتھیاروں کی تفصیلات ظاہر نہیں کر سکتا لیکن واضح کر رہا ہوں ایران جدید ترین ہتھیاروں کی پیداوار اور جانچ کے ذریعے مسلسل اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔

جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ مستقبل میں کشیدہ صورتِ حال ہوئی تو اضافی ہتھیاروں کا یہ نظام فعال کر کے مزید صلاحیتوں کو آپریشنل استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جنرل حسین محبی نے خبردار کیا تھا کہ امریکا کی نئی جارحیت کا جواب نئے ہتھیاروں اور نئے اہداف سے دیا جائے گا، اس بار ایسے نئے ہتھیار استعمال کریں گے کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا نے دوبارہ حملے کیے تو ہمارے اہداف وہ ہوں گے جو پہلے نشانہ نہیں بنے، امریکا نے حملے دوبارہ شروع کیے تو جواب میں یقیناً ہتھیاروں اور جنگ کے جغرافیے میں تبدیلی کریں گے۔