فرینکفرٹ میں نئے قونصل جنرل علی انصر زیدی نے عہدہ سنبھال لیا

—فائل فوٹو 

پاکستان قونصلیٹ فرینکفرٹ کے نئے قونصل جنرل علی انصر زیدی نے جرمنی پہنچ کر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ان کی آمد سے قبل ہیڈ آف چانسلری فہد الرحمٰن نے اضافی ذمے داریاں انجام دیں۔

علی انصر زیدی ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، انہوں نے اسلام آباد میں بنیادی تعلیم حاصل کی جبکہ ٹیکسلا سے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی، وزارت خارجہ میں شمولیت سے قبل مختلف اہم اداروں میں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے فارن سروس کا امتحان پاس کیا اور وزارتِ خارجہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر سفارتی کیریئر کا آغاز کیا۔

انہوں نے اسپین میں ایک سال مقامی زبان سیکھی، 2010ء میں ارجنٹائن میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات ہوئے اور 3 سالہ خدمات کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارن سروس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کی۔

علی انصر زیدی بعد ازاں وزارتِ خارجہ میں ڈائریکٹر برائے امریکا، 2017ء میں ٹوکیو میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور 2020ء میں ایران میں سفارتی ذمے داریاں انجام دیتے رہے۔ 

2023ء میں ایران سے واپسی پر ایوان صدر میں ڈائریکٹر جنرل خارجہ امور مقرر ہوئے، بعد ازاں وزارتِ خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل انسانی وسائل کے منصب پر خدمات انجام دیں۔

نئے قونصل جنرل نے کہا ہے کہ دیارِ غیر میں ہر فرد اپنے ملک کا سفیر ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ہم وطنوں پر یقین ہے کہ وہ جرمنی میں اپنے حسن اخلاق اور طرز عمل سے پاکستان کا وقار بلند کرتے رہیں گے۔

علی انصر زیدی نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، بالخصوص جرمنی میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے آنے والے طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور قونصلیٹ ان کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔

فرینکفرٹ قونصلیٹ کے دائرہ اختیار میں جرمنی کی 16 ریاستوں میں سے 7 اہم ریاستیں شامل تھیں تاہم میونخ میں نئے قونصلیٹ کے قیام سے فرینکفرٹ قونصلیٹ پر کام کا دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔