ایران اب اس مرحلے میں ہے جہاں ایرانی میزائل کہیں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں: باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف— فائل فوٹو

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اب اس مرحلے میں ہے جہاں ایرانی میزائل کہیں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اپنی طاقت ایران پر مسلط نہیں کر سکتے، امریکی دباؤ کے سامنے ایران مضبوطی سے ڈٹا ہوا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران موجودہ ہائبرڈ جنگ میں کبھی نہیں جھکے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایران اس ہائبرڈ جنگ سے ملک کو مفلوج نہیں ہونے دے گا۔

علاوہ ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی واضح کیا ہے کہ طاقت سے لوگوں کو سرِ تسلیم خم کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ ہم کئی مرتبہ مذاکرات کی میز پر گئے، معاہدوں پر دستخط کیے، لیکن بدقسمتی سے پوری دنیا نے دیکھا کہ ان وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری نہیں کی گئی۔