ٹی وی اور فلم کے سینئر اداکار راشد محمود نے مہنگائی اور بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں راشد محمود کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ 5 ماہ سے جوڑوں کے درد میں مبتلا ہوں، جبکہ میں پہلے ہی دل کا مریض ہوں، 4 ہارٹ اٹیک ہو چکے ہیں اور کئی ماہ سے کام بھی نہیں ملا۔
اداکار نے کہا ہے کہ ہم نے ٹیلی ویژن کی صنعت بنائی، برصغیر کو ڈرامہ سکھایا اور آج ہم ہی بے روزگار ہیں، ہم اپنی اقدار سے جڑے ہوئے ہیں لیکن اس وقت شدید تکلیف میں ہیں اور کام سے محروم ہیں۔
راشد محمود نے کہا ہے کہ مجھے صرف اداکاری کا کام آتا ہے، مجھے صدارتی ایوارڈ بھی مل چکا ہے اور عوام نے مجھے اسٹار بنایا، جبکہ رزق اللّٰہ تعالیٰ نے دیا، لیکن اس وقت میں بے روزگار ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی میرے لیے ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے، آج ہی گاڑی میں 4 ہزار روپے کا پیٹرول ڈلوایا ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں۔
راشد محمود نے حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہوتی ہے، اربابِ اختیار ہمارے حال پر رحم کریں، ہم بیمار لوگ ہیں اور حکومت کے رحم و کرم پر ہیں۔