سینیٹرز، ایم این ایز گرفتار ہو رہے ہیں، پارلیمنٹ چپ ہے، بیرسٹر علی ظفر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ آئینی جنگ جاری رکھیں گے، حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بیرسٹر علی ظفر، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور پی پی کے ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس کا کوئی جواز نہیں کہ سیاسی سرگرمی روکنے کےلیے تھری ایم پی او استعمال کریں، سینیٹرز اور ایم این ایز گرفتار ہورہے ہیں اور پارلیمنٹ چپ ہے۔

اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کو ماحول دیکھتے ہوئے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوئی بھی تحریک ہو پرتشدد ہی رہی ہے، پی ٹی آئی تحمل کا مظاہرہ کرے، حکومت کو بھی لچک دکھانا ہوگی۔

پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ دہشتگردی بھی ہورہی ہے ایسے میں لوگوں کا جمع ہوکر آنا کارکنوں کو آزمائش میں ڈالنا ہے۔