جنید اکبر کے بیان کے بعد گنجائش ختم ہوگئی، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جنید اکبر کے بیان کے بعد گنجائش ختم ہوگئی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں طارق فضل چوہدری، پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر اور پیپلز پارٹی کے ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنید اکبر کے بیان سے ظاہر ہوگیا کہ یہ اسلام آباد پر یلغار تباہی مچانے کے لیے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کو روکنے کے لیے جو تھوڑی بہت گنجائش دی جاسکتی تھی وہ اب ختم ہوگئی ہے، اب بالکل زیرو ٹالرنس ہوگی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عدالتی فیصلہ نہ بھی آتا تب بھی اسلام آباد کو جھتے کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، گرفتاریوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں جتنی پی ٹی آئی بتارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو علاج فراہم کیا گیا ،اسپتال منتقلی سے متعلق عدالت میں اپنا موقف پیش کردیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سومنات والا بیان دے کر ایک طرح سے جنید اکبر نے ہماری مدد کی، ان کے مارچ میں کوئی لیڈر اور رکن اسمبلی نشانہ نہیں بنتا ہمیشہ غریب کے بچے کو چارے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔