سمے رائنا اور میدھا شنکر نے دسمبر میں شادی کی افواہوں کو مسترد کردیا

فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی کامیڈین سمے رائنا اور اداکارہ میدھا شنکر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی شادی کی افواہوں کو مسترد کردیا۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈ اٹ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سمے رائنا اور میدھا شنکر دسمبر 2026 میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس وقت چھٹیوں پر ساتھ ہیں۔ پوسٹ میں مبینہ طور پر سمے کی والدہ سے گفتگو کا حوالہ بھی دیا گیا تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

اس حوالے سے کامیڈین سمے رائنا نے انسٹاگرام پر شادی کی افواہ سے متعلق اسٹوری لگاتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا، "دسمبر میں تو میرا انڈیا ٹور ہے، معذرت میدھا، شادی ملتوی کرنا پڑے گی۔”

 انہوں نے پس منظر میں لتا منگیشکر کا گانا ’جھوٹ بولے کوا کاٹے‘ بھی شامل کیا۔ میدھا شنکر نے اس پر ہنسنے والے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا۔

میدھا شنکر نے بھی انسٹاگرام پر ایک بچھڑے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ "بے بنیاد شادی کی افواہوں” کو نظرانداز کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ سمے رائنا اور میدھا شنکر کو ماضی میں متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جبکہ میدھا نے سمے کے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کے دوسرے سیزن میں بھی شرکت کی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان مبینہ تعلقات کی افواہیں مزید پھیلیں۔ تاہم دونوں نے اپنے تعلق کی تصدیق نہیں کی۔

گزشتہ ماہ بھارتی سپریم کورٹ نے اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا اور یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ کے خلاف انڈیاز گاٹ لیٹنٹ کیس کی ایف آئی آرز خارج کرتے ہوئے معذور افراد سے متعلق مبینہ متنازع تبصروں کے سلسلے میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے متنازع کامیڈی شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں نازیبا اور متنازع گفتگو کے معاملے میں کامیڈین سمے رائنا، پوڈکاسٹر رنویر الہ آبادیہ اور دیگر کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز خارج کردی تھیں۔