پیٹ کمنز نے سعید اجمل کا دلچسپ واقعہ بیان کر دیا

—فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل کو اپنا مشکل ترین حریف قرار دے دیا۔

پیٹ کمنز نے پرائم ویڈیو اسپورٹس کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے جس میں  ان سے مختلف ممالک کے ایسے کھلاڑیوں کے نام پوچھے گئے جن کا سامنا کرنا ان کے لیے سب سے مشکل رہا۔

اُنہوں نے پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعید اجمل کا انتخاب کیا اور ان کے خلاف کھیلتے ہوئے پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔

پیٹ کمنز نے بتایا کہ آخری بار جب میں نے سعید اجمل کا سامنا کیا تھا تو ان کی گیند پر میں اس قدر حیران ہوا اور مجھے سمجھ ہی نہیں آئی کہ گیند کس طرح وکٹیں اڑا کر نکل گئی اور میں کلین بولڈ ہو گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس سے پہلے کبھی ایسی گیند نہیں دیکھی تھی۔

واضح رہے کہ سعید اجمل نے 2008ء سے 2015ء تک پاکستان کی نمائندگی کی۔

انہوں نے 35 ٹیسٹ میچز میں 178، 184 ون ڈے میچز میں 184 اور 64 ٹی 20 میچز میں 85 وکٹیں حاصل کیں، تینوں فارمیٹس میں ان کے مجموعی وکٹوں کی تعداد 447 رہی۔