بڑھتے وزن پر تنقید، کترینہ کیف نے بالآخر خاموشی توڑ دی

— فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے بالآخر شدید عوامی تنقید کے بعد اپنا مؤقف بیان کر دیا۔

فلم ٹائیگر زندہ ہے کی اداکارہ حال ہی میں زچگی کے بعد وزن بڑھنے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئیں۔

اداکارہ نے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیا ہے۔

دورانِ انٹرویو کترینہ کیف سے پوچھا گیا کہ ماں بننے کے بعد نگہداشت کے حوالے سے ان کے انداز میں کیا تبدیلی آئی؟

اداکارہ نے کہا کہ حمل کے بعد میری جلد پہلے سے بھی زیادہ حساس ہو گئی تھی، اس لیے یہ میرے لیے ایک مشکل مرحلہ تھا کیونکہ مجھے سمجھنا تھا کہ کون سی مصنوعات میرے لیے موزوں ہیں، میں ایسی مصنوعات تلاش کر رہی تھی جو جلد کو سکون، ٹھنڈک اور بحالی کا احساس دیں۔

کترینہ کیف سے پوچھا گیا کہ فلمی صنعت میں آنے کے بعد بہترین نظر آنے کے آپ کے تصور میں کیا تبدیلی آئی؟

انہوں نے بتایا کہ اس میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے، جب میں نے ماڈلنگ اور اداکاری سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو خوبصورتی کے معیار کے حوالے سے بہت سے دقیانوسی تصورات موجود تھے، اب میرے لیے بہترین نظر آنے کا مطلب دراصل بہترین محسوس کرنا ہے اور یہ احساس خود کو مجموعی طور پر بہتر رکھنے سے آتا ہے۔

دھوم 3 کی اداکارہ نے کہا کہ صحت مند غذا، جسم میں سوزش کو قابو میں رکھنا، متحرک رہنا، مراقبہ کرنا، صبح کے وقت روزانہ 1 گھنٹہ فون سے دور رہنا اور صبح سویرے قدرتی روشنی حاصل کرنا، یہ سب اس بات پر بہت اثر انداز ہوتے ہیں کہ میں کیسا محسوس کرتی ہوں اور بالآخر میری جلد کس طرح ردِعمل ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جب آپ خود کو صحت مند محسوس کرتے ہیں تو یہ اعتماد قدرتی طور پر آپ کی ظاہری شخصیت میں بھی جھلکتا ہے۔

واضح رہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نے دسمبر 2021ء میں قریبی اہلِ خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔

دونوں کے ہاں نومبر 2025ء میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام انہوں نے ویہان رکھا ہے۔