سابق نائب امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے

حافظ محمد ادریس—فائل فوٹو

 سابق نائب امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے۔

جماعتِ اسلامی کے ترجمان کے مطابق حافظ محمد ادریس چند ہفتوں سے علیل تھے۔

ترجمان کے مطابق حافظ ادریس کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عشاء جامعہ مسجد منصورہ میں ادا کی جائے گی۔

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حافظ محمد ادریس کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

حافظ محمد ادریس کا شمار جماعتِ اسلامی پاکستان کی قدآور اور جید شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی دعوتی و سیاسی جدوجہد اور نظریاتی بیداری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

وہ طویل عرصے تک جماعتِ اسلامی کے نائب امیر کے اہم عہدے پر فائز رہے، اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور پنجاب کے امیر سمیت مختلف کلیدی انتظامی ذمے داریاں نہایت احسن طریقے سے سر انجام دیں۔

وہ ایک ممتاز عالمِ دین، شعلہ بیان مقرر اور مصنف تھے، انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے موضوعات پر متعدد کتب تحریر کیں اور دینی و فکری خطبات کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت کی۔

حافظ محمد ادریس کی وفات کو جماعتِ اسلامی کے حلقوں میں ایک عظیم فکری و تحریکی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔