پنجاب اسمبلی کی رکن اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق متنازع بیان پر یوٹیوبر رجب بٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حنا پرویز بٹ نے یوٹیوبر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے طرزِ عمل کی مذمت کی ہے۔
رکنِ پنجاب اسمبلی نے سوال اٹھایا ہے کہ ایسے شخص کی حمایت جاری رکھنے والے افراد کی سوچ کیا ہے؟
رکنِ پنجاب اسمبلی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں رجب بٹ کے نئے متنازع بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے انتہائی حساس موضوع پر مذاق کرنا کوئی ہنسی مذاق کی بات نہیں۔
انہوں نے متنازع بیان کے بعد یوٹیوبر کے ردِعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے پر اعتراض کرنے والے لوگوں کے خلاف بھی رجب بٹ نے نامناسب رویہ اختیار کیا۔
حنا پرویز بٹ نے لکھا ہے کہ میرے نزدیک جو لوگ آپ جیسی سوچ کی پیروی کرتے ہیں، وہ بھی نارمل نہیں لگتے۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب رجب بٹ اور ان کے ساتھی کنٹینٹ کری ایٹر زید علی کی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق ایک پرانی ٹک ٹاک لائیو ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے لگی۔
یوٹیوبرز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوئی تو متعدد صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اداکاراؤں سحر خان اور مشی خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی اس بیان کے خلاف آواز اٹھائی اور کہا کہ اتنے سنگین اور تکلیف دہ معاملے کو تفریح یا مذاق کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
بعد ازاں رجب بٹ نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے اپنے فالوورز کی تعداد کا ٹی وی ڈراموں کی ویور شپ سے موازنہ کیا، جس کے باعث ان کے متنازع بیان پر جاری بحث مزید شدت اختیار کر گئی۔
شدید تنقید کے بعد رجب بٹ نے بالآخر انسٹاگرام پر عوامی سطح پر معذرت کر لی۔