بیوی کی فائرنگ سے شوہر قتل

—فائل فوٹو

بہاول پور کے علاقے شمس کالونی میں بیوی نے فائرنگ کر کے شوہر کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اوکاڑہ: بیوی نے شوہر کو زخمی، شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

دوسری جانب اوکاڑہ  کے علاقے منڈی احمدآباد کے نواحی گاؤں ویر کے میں میاں بیوی میں جھگڑے کے دوران مبینہ فائرنگ سے بیوی جاں بحق اور شوہر زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق عبدالخالق ڈوگر نے جھگڑے کے دوران اپنی بیوی پر فائرنگ کی کوشش کر رہا تھا، بیوی نے پسٹل پکڑنے کی کوشش کی تو فائر چل گیا جو عبدالخالق کے کندھے پر لگا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ زخمی خاوند نے فائرنگ کر کے بیوی ثمینہ کو قتل کر دیا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پتوکی میں شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل

ادھر پتوکی کے علاقے پھول نگر میں ملزم نے اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ تہمینہ 20 روز قبل خاوند سے ناراض ہو کر بھائی کے گھر آئی تھی، ملزم منیر نے فون کر کے اسے گھر سے باہر بلایا اور اس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق  ملزم موقع سے فرار ہو گیا، خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔