خواتین، خاندان کو نشانہ بنا کر نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین سے جو سلوک ہو رہا ہے، وہ ہماری روایات کے منافی ہے۔

پشاور سے جاری بیان میں سہیل آفریدی نے علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیا اور کہا کہ علیمہ خان کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری بدترین سیاسی انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین سے جو سلوک ہو رہا ہے، وہ ہماری روایات کے منافی ہے، خواتین اور خاندانوں کو نشانہ بنا کر کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ چادر اور چاردیواری کا تقدس بغیر کسی خوف کے پامال کیا جارہا ہے، عمران خان کی بہنوں اور خاندان کی خواتین کو نشانہ بنانا کونسی سیاست اور اخلاقیات ہے۔

دوسری طرف خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ علیمہ خان کی گھر کے باہر سے گرفتاری سے پنجاب حکومت کا خوف ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ کا خوف جعلی حکومت کو چین سے بیٹھنے نہیں دے رہا۔